Loading
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی چئیرمین کی ہدایت تھی کہ پارلیمانی پارٹی صوبوں کے حوالے سے بات چیت کرے، آج میں نے بانی کی من و عن ہدایات رہنماؤں تک پہنچا دیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ 13 ماہ بعد بانی چئیرمین سے ملاقات ہوئی ہے، جس پر تمام پارلیمنیٹرنز کو ملاقات کا احوال جاننے کا تجسس تھا۔ میں نے بانی چئیرمین اور بشری بی بی کے صحت کے حوالے سے پارٹی کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سات دن کا ہمیں وقت دیا گیا تھا اور ہم نے پانچ ہزار سے زائد صفحات پڑھے، بانی چئیرمین کے علاج کے فولو اپ کے لئے ہمیں ملاقات کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں بانی چئیرمین کی ہدایت تھی کہ پارلیمانی پارٹی صوبوں کے حوالے سے بات چیت کرے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ صوبے کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کی جو بھی تجاویز ہوں گی میں بانی تک پہنچاؤں گا جبکہ آج میں نے بانی کی ہدایت من و عن پارٹی تک پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل کے اسیران کے حوالے سے بھی بانی چئیرمین کوتحفظات تھے، یاسمین راشد اور باقی اسیران کی علالت کے حوالے سے انہیں اخبارات اور ٹی وی کے ذریعے علم تھا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ عمران خان کو اپنی علالت کی اتنی فکر نہیں تھی جتنی ملک اور کے پی کے حوالے سے تھی جبکہ علیمہ خان اور باقی بہنوں کی گرفتاری کے حوالے سے بھی انہوں نے فکر کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ علیمہ خان کی رہائی کے حوالے سے بھی کچھ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران بشری بی بی کی بینائی اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ جب عینک اتاری تو کہا کہ مجھے آپ صرف کالے دھبے نظر آ رہے ہیں، اگلی ملاقات میں پتا چلے گا کہ کیا واقعے بیریک تبدیل کیا گیا اور علاج کے لئے کچھ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کے حوالے سے بھی پارلیمانی پارٹی کی رائے لی جائے گی اور پھر وہ رائے بانی چئیرمین تک پہنچاؤں گا۔
پارلیمانی لیڈر سینٹ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے بانی کی صحت کے حوالے سے تفصیلات بتائی، بانی کی صحت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اس پر مشاورت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کی بات پر بانی نے کہا تھا کہ آپ مشاورت کریں اور پھر مجھے بتائیں، اس حوالے سے ہم منگل کو اگلی میٹنگ میں بھی بات کریں گے۔ لطیف کھوسہ کی اگلی ملاقات سے پہلے ہم اپنی تجاویز بنا لیں گے تاکہ بانی تک بات پہنچائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی بیل کا فیصلہ نہیں ہو رہا، 100 تاریخیں ہو چکی ہیں، یہ حکومت گرنے والی ہے اس پر ہماری بحث ہوئی، اس پر ہمارا کیا ردعمل ہونا ہے اس پر بھی بحث کی ہے، پارٹی کو کس طرح سے نیچے سے مضبوط کرنا ہے جس کے لیے تنظیم سازی پر بھی غور و فکر کیا گیا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اس وقت ہمارا مقابلہ بہت سخت ہے، ہم نے آئین و قانون کی بات کرنی ہے، لوگوں کی بات کرنی ہے، اس حکومت کے پاس کسی قسم کا آئیڈیا نہیں ہے کہ کیسے معیشت اور دہشتگردی پر کنٹرول کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منگل کی میٹنگ میں آج کے فیصلوں پر عملدرآمد بھی کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل