Loading
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے مسٹر وانگ فوکانگ کی سربراہی میں چینی وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی، چینی وفد پاکستان میں مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقاتیں کرے گا اور مختلف جگہوں کا دورہ بھی کرے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس ملاقات میں حکومتی نمائندوں میں سے نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیرِاعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلٰی حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم پاکستان کا دورہ چین کے بعد، چینی وفد اب پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر تعاون اور اشتراک کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔ 12 رکنی چینی وفد میں 10 وزارتوں کے مختلف نمائندے شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی قیادت صدر شی جنپنگ اور پریمیئر لی چیانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وفد کا خیر مقدم کیا۔
چینی ماہرین کا اعلی سطح کا وفد پاکستان میں سرمایہ کاری، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اشتراک و تعاون اور پاکستان کی برآمدات کے فروغ پر اپنی آراء پیش کرے گا۔
چینی وفد پاکستان میں مختلف شعبوں کے ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں کا دورہ بھی کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ چینی وفد مختلف شعبہ جات جیسا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات اور کان کنی، اسپیشل اکنامک زونز، اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تجاویز بھی دے گا۔
سربراہ چینی وفد کا کہنا ہے کہ باہمی تکنیکی تعاون سے پاک چین اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے مثالی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل