Saturday, September 21, 2024
 

جج شائستہ کنڈی کی علی امین کیخلاف شراب برآمدگی کیس کی سماعت سے معذرت

 



  اسلام آباد: جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کی جج جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔

علی امین گنڈا پور کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور آج بوجہ مصروفیات عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، آج ریاست ہمارے لیے جابر ثابت ہو رہی ہے تمام شاہراہیں بند ہیں۔

عدالت نے پوچھا کہ آپ کے پاس ہیلی کاپٹر نہیں ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ ہیلی کاپٹر ہوتے ہیں ایوی ایشن اترنے کی اجازت نہیں دے گی، دوہزار سولہ کا کیس ہے ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔

جج نے پوچھا کہ ابھی علی امین گنڈا پور کہاں ہیں،کیا وہ لاہور ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ وہ لاہور تو نہیں جا سکتے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے صحافیوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکالتے ہوئے کہا کہ سب کو باہر نکالیں میں نے ملزم کے وکیل اور پراسیکیوٹر سے بات کرنی ہے۔

بعدازاں جج شائستہ کنڈی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل سیشن جج کو بھجوادی۔ کیس کی آئندہ سماعت5 اکتوبر کو سیشن جج کی عدالت میں ہوگی۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف 2016 میں ناجائز اسلحہ و شراب برآمدگی پر تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل