Saturday, September 21, 2024
 

پاکستانی پولیس افسران کی چین کےصوبے سنکیانگ میں ٹریننگ کروانے کا فیصلہ

 



  اسلام آباد: پاکستان نے پولیس افسران کی چین کے صوبے سنکیانگ میں ٹریننگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے وزیر سیاسی و قانونی امور چن مینگوو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں انسداد دہشتگردی، کراس بارڈر تعاون، انسداد اسمگلنگ و منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ انسداد دہشتگردی کے ضمن میں گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ مشقیں کرانے کا جائزہ لیا گیا۔  ملاقات میں گلگت بلتستان پولیس افسران کی سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کرانے پربھی  اتفاق ہوا۔

چینی وزیر چن مینگوو کا کہنا تھا کہ سنکیانگ بھی کئی سالوں تک دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ پاکستان انسداد دہشتگردی کے ضمن میں سنکیانگ کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ چین کے وزیر نے وزیرداخلہ محسن نقوی کو سنکیانگ کے دورے کی دعوت بھی دی۔ وزیرداخلہ اور چینی وفد کی ملاقات میں دہشت گردی کے سدباب کے لیے جامع اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ  پاکستان کا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سنکیانگ کے ساتھ ہماری 6 سو کلومیٹر کی طویل سرحد ہے۔ سی پیک کا منصوبہ بھی چین کے صوبہ سنکیانگ سے گزرتا ہے۔  سنکیانگ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

وفد میں سنکیانگ کے ڈپٹی سیکرٹری کمیٹی  پارلیمانی و قانونی امور، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل پولیس، وائس پریزیڈنٹ سنکیانگ پولیس اکیڈمی شامل تھے۔ سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، اسپیشل سیکرٹری داخلہ وقاص علی محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر محمد بزدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل