Friday, October 18, 2024
 

راولپنڈی میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید

 



راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے بگاشیخاں کے قریب منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل محمد احسان کیانی چھاتی میں گولی لگنے سے شہید ہوگیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے گینگ کا سرغنہ بھی موقع پر مارا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ روات پولیس کے سب انسپکٹر منظور احمد نے پولیس نفری کے ساتھ ڈھوک رعایت نزد بگاشیخان میں بدنام زمانہ منشیات فروش آزاد عرف ماما کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم اور اُس کے ساتھیوں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے نتیجے مین پولیس کانسٹیبل محمد احسان سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج شہید ہوگیا۔ پولیس نے ملزمان ماما آزاد اور دیگر منشیات فروش ساتھیوں کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلیں۔

دوسری جانب سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقع کانوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر نبیل کھوکھر کو فوری موقع پر پہنچ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا ہے کہ علاقے میں فرار ہونے والے منشیات فروشوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے منشیات فروشوں گینگ کا سربراہ بھی مارا گیا ہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل