Sunday, December 15, 2024
 

وزیر اطلاعات عطا تارڑ کی لبنانی ہم منصب سے ملاقات، لبنان کی سالمیت کے حوالے سے عزم کا اعادہ

 



وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ترکیہ کے شہر استنبول میں اپنے لبنانی ہم منصب زیاد میکیری  سے ملاقات کے درمیان لبنان کی علاقائی سالمیت اور امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے نے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے بیروت کے راستے فوری انخلا میں سہولت فراہم کرنے پر لبنان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر لبنان کے وزیراعظم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شام میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری سہولت فراہم کی جس سے ہمارے تعلقات کی مضبوطی ظاہر ہوتی ہے، پاکستان لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی بات چیت نے شام میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا راستہ ہموار کیا جس پر لبنان کی حکومت کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے درمیان برادرانہ اور گرم جوشی پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر لبنان کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں لبنان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ لبنان کے عوام کے لئے امدادی سامان بھجوانے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ مشکل وقت میں پاکستان نے لبنان کے عوام کی امداد کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل