Sunday, December 15, 2024
 

علی امین گنڈاپور نے کے پی میں غیر ملکی میڈیا کو بلاکر گمراہ کن بریفنگ دی، وزیر اطلاعات

 



وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں غیر ملکی میڈیا کو بلا کر گمراہ کن بریفنگ دی، ان کے الزامات جھوٹ اور فساد پر مبنی ہیں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے الزامات کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے، حقائق عوام کے علم میں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندی اور ملک دشمنی کو کھل کر سامنے آنا چاہیے۔ بھڑکیں مارنے، دھمکیاں دینے اور الزامات لگانے کا سلسلہ ان کا وتیرہ ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 2014 میں انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا اور قانون نافذ کرنے والے جوانوں کو نشانہ بنایا، یہ لوگوں کو تشدد پر اکسا کر دوڑ لگا کر بھاگ جاتے ہیں۔ مزید پڑھیں؛ سول نافرمانی سمیت عمران خان کے ہر فیصلے پر عمل کریں گے، علی امین گنڈاپور وزیر اطلاعات نے کہا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگلی کال پرامن نہیں ہوگی، سوال یہ ہے کہ آپ کا اس سے پہلے کون سا احتجاج پرامن تھا؟ احتجاج اور دھرنوں کے سوا ان کا کوئی کام نہیں۔ آپ نے پہلے 1200 کی لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلائیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی اپنے خطاب میں کارکنوں کو ورغلا رہی تھیں، علی امین اور بشریٰ بی بی اپنے کارکنوں کو ڈی چوک پر تنہاء چھوڑ کر کیوں بھاگے؟ آپ سیاسی، اخلاقی اور انتظامی طور پر ناکام ہیں، آپ صوبے کے معاملات سنبھالنے میں ناکام ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آپ نے نو مئی کو جو کچھ کیا قوم کبھی نہیں بھولے گی اور نو مئی کے ملزمان کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا، سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی والے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سول نافرمانی سمیت بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ہر فیصلے پر عمل کریں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل