Friday, January 10, 2025
 

مودی سرکار نے ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں نماز پڑھنا جرم بنادیا

 



بھارتی ریاست اترپردیش کے ریلوے اسٹیشن پر نماز پڑھنے پر 2 مسلمانوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ گیا جس سے نام نہاد سیکولر اسٹیٹ کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں ریلورے اسٹیشن کے احاطے میں اپنی کار کے پیچھے نماز پڑھنے پر دو مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ یہ مقدمہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنماؤں نے درج کرایا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اس عمل کی وجہ سے کار پارکنگ کا مقصد فوت ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے غنڈوں نے دونوں نمازیوں کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور نفرت آمیز نرے بازی کی۔ بعد ازاں الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پولیس نے نمازیوں کے خلاف ہی مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ پولیس نے نمازیوں کو تھانے بلا کر پوچھ گچھ کی اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی پر گھر جانے کی اجازت دی۔ تاہم پولیس نے ہندواتوا کے غنڈوں کے خوف سے ابھی مقدمہ ختم نہیں کیا گیا۔ تحقیقات مکمل ہونے تک دونوں نمازیوں کو شہر سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔ نمازیوں کا کہنا ہے کہ ہم اپنی کار کے عقب میں عبادت کر رہے تھے جس سے کسی دوسرے کو کوئی زحمت یا پریشانی کا سامنا بھی نہیں تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے خلاف قانونی کارروائی بھارت میں بڑھتی ہندو انتہا پسندی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کی عکاس ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل