Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی ٹیرف پالیسی سے پوری دنیا ہی متاثر ہو رہی ہے لیکن اس کا سب سے زیادہ اثر ایشیائی ممالک پر پڑے گا جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری تجزیاتی رپورٹ کے مطابق جن 10 ممالک پر سب سے زیادہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے ان میں سے 5 ممالک کا تعلق ایشیا سے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں ایشیا کے ترقی پذیر ممالک شامل ہوں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق جنوب ایشیائی ممالک سری لنکا، بنگلادیش اور پاکستان کی مصنوعات پر بالترتیب 44 فیصد، 37 اور 29 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ اس طرح امریکی ٹیرف سے متاثر ہونے والے ایشیائی ممالک میں پاکستان تیسرا بڑا ملک ہے جب کہ مجموعی طور پر دنیا کا 14واں بڑا ملک ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیکس جبکہ افغانستان، مالدیپ، نیپال اور بھوٹان پر 10 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے۔ ایشیائی بینک کی رپورٹ کے مطابق ترقی پذیر ایشیائی خطے میں سب سے زیادہ ٹیرف کمبوڈیا پر 49 فیصد عائد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے درجنوں ممالک کی درآمدی اشیا پر بھاری ٹیکسز عائد کیے ہیں جس کی وجہ انھوں نے تجارتی خسارے کو کم کرنا بتایا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل