Friday, June 06, 2025
 

حماس کیساتھ جھڑپ میں ایک اور اسرائیلی فوجی ہلاک؛ تعداد 4 ہوگئی، 6 زخمی

 



غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے شمالی علاقے میں حماس کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں۔ پہلے واقعے میں غزہ کے شجاعیہ محلے میں گشت کے دوران اچانک گلی کے ایک کونے سے فلسطینی بندوق بردار نوجوان نے خودکار ہتھیار سے اسرائیلی فوجیوں پر گولیاں برسا دیں۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد بآسانی فرار ہوگیا جب کہ اس حملے میں ایک فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت ماسٹر سارجنٹ (ریزرو) 27 سالہ الون فارکاس کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرے واقعے میں غزہ کے قریبی علاقے جبالیہ میں حماس کے ایک ڈرون حملے میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی جبالیہ میں ایک سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے تین اسرائیلی فوجی ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔ اس طرح صرف دو روز میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 4 ہوگئی جب کہ 6 اہلکار زخمی ہیں۔  آج ایک اور فوجی کی ہلاکت سے غزہ میں حماس کیساتھ دو بدو جھڑپوں میں مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 425 ہوگئی۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے 18 مارچ 2025 کو دو ماہ کی جنگ بندی کو یک طرفہ طور پر ختم کرکے غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ تب سے لے کر اب تک غزہ میں اسرائیلی فوج کے 5 ڈویژنز تعینات کیے گئے ہیں جس کا مقصد حماس کو ختم کرکے شہر میں کسی نئی جماعت یا قیادت کو اقتدار دینا ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل