Wednesday, September 17, 2025
 

ٹرمپ اور شی جنپنگ کی ملاقات کے بعد ٹک ٹاک پر معاہدے کا اعلان ہوگا؛ امریکی وزیرِ خزانہ

 



امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ مختصر ویڈیوز کی مشہور ایپ ٹک ٹاک پر حتمی معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات کے بعد طے پانے کا امکان ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خزانہ نے بتایا کہ چین اور امریکی صدور کی ملاقات جمعہ کے روز متوقع ہے۔ اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ اس ہفتے میڈرڈ میں ہونے والے امریکا چین مذاکرات میں چین نے اپنی لمبی فہرست پیش کی ہے۔ جس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انھوں نے مذاکرات کو تفصیلی اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ٹک ٹاک کو امریکا میں بند کردیا جائے گا۔ قبل ازیں امریکا اور چین نے اعلان کیا تھا کہ دونوں فریقین نے مہینوں کی کشیدگی کے بعد ایک فریم ورک معاہدہ طے کیا ہے تاکہ جاری تجارتی جنگ کو ختم کیا جا سکے جس نے عالمی منڈیوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا تھا۔ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے پہلے ٹک ٹاک کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن تین بار بڑھا چکے ہیں اور امکان ہے کہ بدھ کو موجودہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے چوتھی بار بھی بڑھا دیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ نئے سرمایہ کاروں کے ساتھ کمرشل شرائط پر تفصیلات طے ہونا باقی ہیں لیکن اس پر بات کرنے سے فی الحال گریز کیا۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل