Thursday, July 23, 2026
 

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 6 گھنٹے میں ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا

 



پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 6 گھنٹے میں ہی ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین طارق حسن نے ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بغیر کسی دباؤ کے فیصلہ واپس لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی پر پندرہ دن کی مہلت دے رہے ہیں۔ طارق حسن نے بتایا کہ اسلام آباد میں اونرز اور ڈیلرز ایسوسی ایشن دونوں کے نمائندوں کے حکومت سے مذاکرات ہوئے جس میں ڈیلر مارجن اور قیمتوں کے یومیہ تعین کا معاملہ 15 دن میں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل صبح 6 بجے سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ قبل ازیں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیف ایڈوائزر ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ وزیرِ پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے ہماری متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں، تاہم روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ہمیں منظور نہیں اس کا دورانیہ ایک ماہ کیا جائے۔ ملک خدا بخش نے کہا تھا کہ ڈیلرز کا مارجن 3 سال سے نہیں بڑھایا گیا اب اُسے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے اور حکومت پالیسی بنانے کے لیے ڈیلرز کو مشاورت میں شامل کرے، کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول کی ایلوکیشن ختم کی جائے اور پلاسٹک منی کے ذریعے فیس کو صفر کیا جائے۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ پالیسی میٹنگ میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہمارا حق ہے۔ چیئرمین اوگرا نے ہم سے 7 روز کی مہلت مانگی، تاہم ہماری ایگزیکٹو کمیٹی اس پر راضی نہیں ہوئی،  ہم 55 سال سے یہ ایسوسی ایشن چلا رہے ہیں، مارشل لا بھی بھگتے ہیں اور جانتے ہیں کہ ملک کا نظام کیسے چلتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مشاورت اور سوچ بچار کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کر رہے ہیں۔ اگر پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن رابطہ کرے گی تو مینیجنگ کمیٹی کے ذریعے فیصلہ کیا جائے گا، ہماری اپنی ایسوسی ایشن ہے اور اپنا ایجنڈا ہے۔ نائب صدر طارق حسن نے کا کہنا تھا کہ کراچی میں 625 اور سندھ بھر میں تقریباً 3600 جبکہ ملک بھر میں 13 سے 14 ہزار پیٹرول پمپس ہیں۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل