Sunday, September 08, 2024
 

انٹربینک میں روپے کی قدر بڑھ گئی، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا

 



  کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 

چین اور سعودی عرب کی پاکستان کے 9ارب ڈالر کے قرض رول اوور کیے جانے اور حکومت کی  چینی بینکوں سے 15ارب ڈالر کے قرضوں کی موخر ادائیگیوں کی باضابطہ درخواست سے 24ارب ڈالر کے ایکسٹرنل فنانشل گیپ میں کمی توقعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ اس طرح سے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ ایک دوسرے کی مخالف سمت پر گامزن رہی۔

آئی ایم ایف پروگرام میں شمولیت سے جنیوا ڈونر کانفرنس میں 10.7ارب ڈالر دینے کے وعدوں پر عمل درآمد کے توقعات پر انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 07 پیسے کی کمی سے 278 روپے 33 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔

اس کے  برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 12 پیسے کے اضافے سے 279روپے 82پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملک میں درآمدی نوعیت کی ماہانہ ڈیمانڈ 5 ارب ڈالر سے کم تک محدود ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں ہونے والی کمی کو بھی انٹربینک مارکیٹ نے نظر انداز رکھا کیونکہ اس کمی کے باوجود زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 9.02 ارب ڈالر کی  سطح پر ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل