Sunday, September 08, 2024
 

میرے قتل پر امریکا نے ایران کو قصہ پارینہ نہ بنایا تو تاریخ ہمیں بزدل لکھے گی، ٹرمپ

 



 واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میرا قتل ہوگیا تو امریکا، ایران کو ختم کردے گا لیکن ایسا نہ ہوا تو اس کا مطلب ہوگا کہ امریکی لیڈرشپ بزدل ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی کانگریس میں تقریر کا کلپ دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو کلپ میں اسرائیلی وزیراعظم کو ٹرمپ کی تعریفیں اور یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے میں ایران ملوث ہے۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا اگر مجھے قتل کر دیا گیا جس امکان ہمیشہ رہتا ہے تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکی فورسز ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو امریکی قیادت کو تاریخ میں بزدل اور شجاعت سے خالی شمار کیا جائے گا۔

 

یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدہ تعلقات اُس وقت اپنی انتہا کو پہنچ گئ جب 2020 میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا نے ڈرون حملے میں بغداد ایئرپورٹ پر ہلاک کردیا تھا۔

اُس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تھے اور انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ میرے حکم پر جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کیا گیا۔ جس پر ایران نے امریکی صدر کو قتل کی دھمکی بھی دی تھی۔

حال ہی میں ایک انتخابی جلسے میں 20 سالہ نوجوان نے ڈونلڈ ٹرمپ پر گولی چلائی جس میں وہ بال بال بچ گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور نوجوان مارا گیا۔

ٹرمپ کے حامیوں نے اس حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی تھی تاہم ایران کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کو جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر صرف عدالتی سزا کا مطالبہ کرتا ہے۔

 

 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل