Loading
بچوں کی آرا کا احترام اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال کے چار بنیادی اصولوں میں سے ایک ہے۔
کنونشن کے آرٹیکل 12 کے مطابق ہر وہ بچہ جو اپنی رائے تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتا ہو، اپنے متعلقہ معاملات میں آزادانہ اظہارِ رائے کا حق رکھتا ہے اور اس کی رائے کو عمر اور سمجھ بوجھ کے مطابق مناسب اہمیت دی جانی چاہیے۔ یہی آرٹیکل بچوں کو ان سے متعلق عدالتی اور انتظامی کارروائیوں میں براہِ راست یا مناسب نمائندگی کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
پاکستان میں بچوں کے حقوق پر ہونے والی گفتگو میں تعلیم، صحت، تشدد اور استحصال سے تحفظ جیسے موضوعات نمایاں رہتے ہیں، لیکن بچوں کی شرکت اور ان سے متعلق فیصلوں میں ان کی آواز کو شامل کرنے کے حق پر نسبتاً کم توجہ دی جاتی ہے۔ حالانکہ بچوں کی شرکت محض ایک مثبت سرگرمی یا رسمی مشاورت نہیں بلکہ ان کا بنیادی حق ہے، جس کا احترام دیگر حقوق کے مؤثر تحفظ کے لیے بھی ضروری ہے۔
بچوں کی تعلیم، صحت، تحفظ اور مستقبل سے متعلق فیصلے عموماً بالغ افراد اور متعلقہ ادارے کرتے ہیں، لیکن کیا ان فیصلوں سے براہِ راست متاثر ہونے والے بچوں کی رائے بھی سنی جاتی ہے؟
ہمارے ہاں بچوں کی شرکت کو اکثر تقریری مقابلوں، تقریبات میں نمائندگی یا مخصوص مواقع پر اظہارِ خیال تک محدود سمجھا جاتا ہے۔ بعض اوقات بچوں کو اہم اجلاسوں میں مدعو بھی کیا جاتا ہے، لیکن ان کی شرکت چند تقاریر، تصاویر یا رسمی مشاورت سے آگے نہیں بڑھ پاتی۔ بامعنی شرکت کا تقاضا صرف بچوں کو بولنے کا موقع دینا نہیں بلکہ ان کی آرا کو سنجیدگی سے سننا اور متعلقہ فیصلوں میں انہیں مناسب اہمیت دینا ہے۔
پاکستان میں بچوں کی شرکت کو فروغ دینے کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹ کونسلز کا قیام ان میں سے ایک ہے۔ جنوبی پنجاب میں 2022 کے دوران سرکاری اسکولوں میں اسٹوڈنٹ کونسلز کے انتخابات کے لیے ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ مئی 2024 میں پنجاب کے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں کونسلز کی تشکیل کے لیے ہدایات اور انتخابی شیڈول جاری کیا۔ اپریل 2025 میں بھی انتخابات کے لیے نئی ہدایات جاری کی گئیں۔ ان اقدامات کا مقصد طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینا اور انہیں شرکت کے مواقع فراہم کرنا تھا۔
اسٹوڈنٹ کونسلز تعلیمی اداروں میں محفوظ اور مثبت ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ مناسب تربیت اور اساتذہ کی رہنمائی سے کونسلز کے نمائندے اپنے ساتھی طلبہ کو بچوں کے حقوق، باہمی احترام، صنفی مساوات، تمباکو نوشی اور منشیات کے نقصانات، تشدد اور انتہا پسندی کی روک تھام، بچوں کے تحفظ اور مدد حاصل کرنے کے دستیاب طریقوں سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ وہ مشکلات یا امتیازی سلوک کا سامنا کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں متعلقہ ذمہ دار افراد سے مدد حاصل کرنے کی رہنمائی بھی فراہم کر سکتے ہیں۔ تاہم بچوں کے تحفظ اور شکایات پر مناسب کارروائی کی بنیادی ذمہ داری بالغ افراد اور متعلقہ اداروں پر ہی عائد ہوتی ہے۔
پنجاب میں اسٹوڈنٹ کونسلز کی تشکیل ایک اہم اقدام ہے، لیکن اس کے عملی نتائج کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ محکمہ تعلیم کو چاہیے کہ وہ کونسلز کے قیام، فعالیت اور طلبہ کی نمائندگی سے متعلق پیش رفت عوام کے سامنے رکھے۔ یہ جاننا اہم ہوگا کہ کونسلز نے طلبہ میں اعتماد، قائدانہ صلاحیتوں اور باہمی تعاون کو کس حد تک فروغ دیا اور انہیں اسکول کے معاملات میں بامعنی شرکت کے کتنے مواقع ملے۔
دیگر صوبوں کے محکمہ ہائے تعلیم بھی پنجاب کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹ کونسلز قائم کرنے یا بچوں کی شرکت کے پہلے سے موجود طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کر سکتے ہیں۔ تاہم ان فورمز کا کردار محض تقریبات اور غیر نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ بچوں کو اسکول کے ماحول، تحفظ اور طلبہ سے متعلق انتظامی امور پر مشاورت کے باقاعدہ مواقع ملنے چاہییں۔ اس کے لیے واضح رہنما اصول، مختلف طبقات کی نمائندگی اور تربیت یافتہ اساتذہ کی رہنمائی ضروری ہے۔
بچوں کی بامعنی شرکت کی عملی مثالیں سول سوسائٹی کی سطح پر بھی موجود ہیں۔ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن فورمز سے وابستہ بچوں نے کم عمری میں مشقت کے خاتمے اور متعلقہ قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے آواز اٹھائی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے ملاقاتوں میں پنجاب میں بچوں کی مشقت سے متعلق 2016 کے قانون کے تحت قواعد (رولز) وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ بعد ازاں اس قانون کے تحت قواعد نوٹیفائی کیے گئے۔ یہ مثال ظاہر کرتی ہے کہ مناسب رہنمائی اور مواقع ملنے پر بچے اپنے حقوق سے متعلق قانونی اور انتظامی مسائل کو سمجھنے اور اپنی تجاویز متعلقہ حکام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بچوں کی زندگیوں پر اثرانداز ہونے والے بہت سے فیصلے سرکاری محکموں، مقامی اداروں، صوبائی اسمبلیوں اور قومی سطح پر کیے جاتے ہیں۔ تعلیم، صحت، تحفظ، ماحولیات اور دیگر عوامی خدمات سے متعلق پالیسیوں کی تشکیل میں بچوں کے تجربات اور آرا اہم معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔ مشاورت زیادہ مؤثر تب ہوتی ہے جب بچوں کو پالیسی یا قانون کی تیاری کے ابتدائی مراحل سے شامل کیا جائے، نہ کہ اہم فیصلے ہونے کے بعد محض ان کی تائید حاصل کرنے کے لیے مدعو کیا جائے۔
قومی سطح پر بچوں کی ادارہ جاتی شرکت کی ایک اہم مثال قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال (NCRC) ہے، جس کے قانونی ڈھانچے میں دو بچوں کی بطور رکن نمائندگی کی گنجائش موجود ہے۔ کمیشن نے ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی نمائندگی کے لیے چلڈرن ایڈوائزری پینل (CAP) بھی تشکیل دیا ہے۔ ایسے انتظامات بچوں کو اپنے مسائل اور تجاویز منظم انداز میں پیش کرنے اور قومی سطح پر مشاورت میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
اسی تناظر میں اقوام متحدہ کی کمیٹی برائے حقوقِ اطفال نے 2026 میں پاکستان کے بارے میں اپنے اختتامی مشاہدات میں اسٹوڈنٹ کونسلز کو مضبوط بنانے اور بچوں کی پارلیمنٹ کو ایک مستقل ادارہ جاتی فورم کی شکل دینے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے بچوں کی پارلیمنٹ کو بامعنی ذمہ داریاں اور مناسب انسانی، تکنیکی اور مالی وسائل فراہم کرنے پر بھی زور دیا تاکہ بچے اپنے متعلقہ امور پر قومی قانون سازی کے عمل میں مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔
بچوں کی پارلیمنٹ کا مقصد قومی یا صوبائی اسمبلیوں کا متبادل بننا نہیں بلکہ بچوں اور قانون ساز اداروں کے درمیان ایک منظم رابطہ فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ اس کے ذریعے بچوں کی آرا متعلقہ پارلیمانی فورمز تک پہنچائی جا سکتی ہیں اور انہیں مشاورت اور قانون سازی کے عمل میں مناسب اہمیت دی جا سکتی ہے۔
تاہم بچوں کی نمائندگی میں مختلف سماجی طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانا بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ صرف شہری علاقوں کے بہتر وسائل رکھنے والے تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے یا اظہارِ خیال میں مہارت رکھنے والے بچوں کو مواقع دینا کافی نہیں۔ دیہی علاقوں، سرکاری اسکولوں، دینی مدارس، غیر رسمی تعلیمی مراکز اور مختلف سماجی و معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ بالخصوص مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے، معذوری کے ساتھ زندگی گزارنے والے، اسکول سے باہر، محنت مزدوری کرنے والے اور دیگر محروم حالات میں رہنے والے بچوں کی آواز نظر انداز نہیں ہونی چاہیے۔
بچوں کی شرکت محفوظ، رضاکارانہ اور ان کی عمر اور صلاحیتوں کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہیں رائے دینے کے لیے کسی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نہ ہی اپنے خیالات کے اظہار کی وجہ سے وہ کسی منفی ردعمل یا امتیازی سلوک کا نشانہ بنیں۔ اسی طرح بچوں کو ایسی ذمہ داریاں نہیں سونپی جانی چاہییں جو بالغ افراد یا متعلقہ اداروں کی قانونی ذمہ داریاں ہیں۔
بچوں کی شرکت کو مؤثر اور مستقل بنانے کے لیے سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور قانون ساز اداروں کو مشاورت کے واضح طریقہ کار وضع کرنا ہوں گے۔ اس کے لیے مختلف سماجی طبقات کی نمائندگی، بچوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مواقع اور مناسب وسائل ضروری ہیں۔ ساتھ ہی ایسا نظام بھی ہونا چاہیے جس کے ذریعے بچوں کی تجاویز فیصلہ سازوں تک پہنچیں اور انہیں آگاہ کیا جائے کہ ان کی آرا پر کیا غور ہوا۔ ضروری نہیں کہ ہر تجویز قبول کی جائے، لیکن جن تجاویز پر عمل ممکن نہ ہو، ان کی وجوہات بچوں کو مناسب انداز میں بتائی جانی چاہییں۔
بچوں کے حقوق کا تحفظ صرف ان کے لیے فیصلے کرنے سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ ان فیصلوں میں ان کی آواز کو مناسب جگہ دینا بھی ضروری ہے۔ پاکستان میں بچوں کی شرکت کے موجودہ انتظامات کو مضبوط بنانے اور انہیں حکومتی و ادارہ جاتی فیصلہ سازی سے مستقل طور پر منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔
کیونکہ بچوں کی بامعنی شرکت کا اصل معیار یہ نہیں کہ انہیں بولنے کے کتنے مواقع ملے، بلکہ یہ ہے کہ ان کی بات سننے کے بعد فیصلوں میں کتنی اہمیت دی گئی۔
نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل