Monday, February 03, 2025
 

نجی کمپنی کا عملہ مبینہ طور پر مسافروں کے سامان میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث

 



علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سروسز فراہم کرنے والی کمپنی جیری دناتا کا عملہ ہی مبینہ طو پر مسافروں کے سامان میں منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے میں ملوث نکلا، سعودی عرب کے بعد لندن جانے والے مسافر کے بیگ  میں منشیات رکھ دی، سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے پتا لگایا گیا۔  تفصیلات کے مطابق 16 دسمبر 2024 کو فیصل آباد سے تعلق رکھنے والا برطانوی شہری عمیر سعودی ایئر کی پرواز سے لاہور سے ریاض اور وہاں  سے لندن ایئرپورٹ پہنچا تو اس کا اصل بیگ نہ ملا، بعد ازاں لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز نے مسافر عمیر کے نام سے منسوب جعلی ٹیگ والے بیگ سے پانچ کلو منشیات برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ مسافرعمیر نے لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز کی انکوائری میں منشیات سے بھرے بیگ سے لاتعلقی کا اظہار کیا جس پر لندن ایئرپورٹ اتھارٹیز نے مسافر عمیر کو منشیات اسمگلنگ کیس میں گرفتار کر لیا۔ مسافر عمیر کے وکیل کی درخواست پر جیری دناتا نے بیگ ہینڈلنگ فوٹیج کا معائنہ کیا، فوٹیج میں واضح دیکھا گیا کہ مسافر عمیر کا بیگ جیری دناتا کے عملے نے تبدیل کر کے منشیات سے بھرا بیگ ٹیگ تبدیل کر کے  بیرون ملک بھیجا، مسافر عمیر کے بے قصور ثابت ہونے پر لندن کی عدالت نے ضمانت قبول کر لی۔ ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق عمیر آئندہ چند روز میں پاکستان آ کر جیری دناتا  کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا، اس سے قبل بھی جیری دناتا کے عملے نے جدہ جانے والے چار مسافروں کے بیگ تبدیل کر کے منشیات سعودیہ پہنچائی تھی، سعودی حکام نے جدہ منشیات کیس میں چار پاکستانیوں کے سر قلم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی حکام کو معاملے سے آگاہ کیا اور بے گناہ  پاکستانیوں کے سر قلم ہونے سے انہیں بچایا، جدہ اور ریاض منشیات کیس میں ملوث جیری دناتا کے عملے کو متعلقہ اداروں نے گرفتار کر لیا ہے اور مزید گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔     

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل