Wednesday, February 05, 2025
 

ٹرمپ کی کوششوں کو منہ کی کھانا پڑے گی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان

 



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی کوششوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ جماعت اسلامی کے مرکز لاہور سے بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ٹرمپ شکست خوردہ صہیونیت کو سہارا دینے کی کوشش کررہے ہیں، ٹرمپ کی کوششوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کا غزہ خالی کرانے کا بیان احمقانہ ہے، پاکستان امریکی صدر کے غزہ خالی کرانے کے بیان کی مذمت کرے، حماس ایک سیاسی اور جمہوری حقیقت ہے، حماس کو سیاسی حقیقت تسلیم کیے بغیر دنیا آگے نہیں بڑھ سکتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے یک جہتی کشمیر کے حوالے سے بیان میں کہا کہ کشمیر سہ فریقی مسئلہ اور پاکستان کی تقدیر اور تکمیل کا معاملہ ہے، جو کشمیر کا سودا کرے گا پاکستانی قوم اسے نشان عبرت بنا دے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے کشمیر کاز کو کھٹائی میں ڈالا گیا، یوم یکجہتی کشمیر پر تحریک آزادی کشمیر کو از سرِ نو منظم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارت کی نہیں اسے دنیا میں تنہا کرنے کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے، کشمیر پر خاموشی ہندو سامراج اور گجرات کے قصاب کی حمایت کے مترادف ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اہل کشمیر کو یقین دلاتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم آپ کی پشت بان ہے اور جماعت اسلامی کشمیر کاز کو ملک کے کونے کونے میں اجاگر کرے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل