Monday, March 10, 2025
 

کپاس کی نئی فصل کے ایڈوانس سودوں کا تیز رفتاری سے آغاز

 



کاٹن ایئر 2024-25 کے دوران کپاس کی قیمتیں توقعات سے انتہائی کم رہنے اور جننگ فیکٹریوں و اسٹاکٹس کے پاس روئی کی 4لاکھ کے لگ بھگ گانٹھوں کی دستیابی کے باوجود پاکستان میں کپاس کی نئی فصل کے ایڈوانس سودوں کا تیز رفتاری سے آغاز ہوگیا ہے۔  سندھ کے مختلف شہروں میں مئی میں ڈلیوری کی بنیاد پر کپاس کی 27 گاڑیوں کے ایڈوانس سودے طے پا گئے ہیں، رواں ہفتے کے دوران کپاس کے مزید ایڈوانس سودوں کے ساتھ روئی کے بھی ایڈوانس سودے طے ہونے ہیں، جس کے باعث نیا جننگ سیزن بھی مئی میں شروع ہونے کے امکانات ہیں۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ کاٹن ایئر 2024-25 کے دوران حکومتی پالیسیوں کے باعث روئی اور سوتی دھاگے کی ریکارڈ درآمدات کے باعث اندرون ملک روئی فروخت نہ ہونے کے باعث توقع کی جارہی تھی کہ کاٹن جنرز نیا کاٹن جننگ سیزن قدرے تاخیر سے شروع کریں گے۔ لیکن غیرمتوقع طور پر پاکستان میں کپاس کے ایڈوانس سودوں کا بڑی تیزی سے آغاز ہوگیا ہے اور اس دوران پنگریو سندھ میں مئی کے پہلے ہفتے کی ڈلیوری کی بنیاد پر دو گاڑیوں کے سودے 8 ہزار 300 روپے، عمر کوٹ میں 10 سے پچیس مئی ڈیلوری کی بنیاد پر 15 گاڑیوں کا سودا 8 ہزار 200 روپے جبکہ ڈگری میں 15 سے 30 مئی ڈلیوری کی بنیاد پر 10 گاڑیوں کاسودا 8 ہزار 400 روپے فی 40 کلو گرام کے حساب سے طے پائے ہیں۔  تاہم بعض ’’ہوشیار‘‘ کاٹن جنرز کا خیال ہے کہ کپاس کی نئی فصل کے سودوں کا بڑی تیزی سے آغاز بعض ٹیکسٹائل ملز کی کوئی چال بھی ہو سکتی ہے، تاکہ پاکستان میں نیا جننگ سیزن جلد شروع ہونے کے بعد وہ چند سو روئی کی بیلز اچھے داموں خرید کر بعد میں روئی کی خریداری میں لیت و لعل سے کام لیں گے تاکہ روئی کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ مندا لایا جا سکے۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران بھی پاکستان میں ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی کی خریداری مسلسل معطل رہی، تاہم پنجاب اور سندھ کے بعض شہروں میں چند سودے 17ہزار سے 17ہزار 500روپے فی من تک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل