Friday, March 14, 2025
 

ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں،مفاد پرست افواہیں پھیلا رہے ہیں، شوگر ملز ایسوسی ایشن

 



پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے، چینی کی قلت کے حوالے سے افواہیں پھیلا کرمفاد پرست عناصر ملک میں ہیجان پیدا کر رہے ہیں۔  پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پنجاب زون) کے ترجمان نے جمعہ کوجاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ کریانہ مرچنٹس، سٹہ باز اور ذخیرہ اندوز بے سروپا باتیں پھیلا کر ملک کی دوسری بڑی زرعی صنعت کے خلاف ایک مذموم سازش کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ  ملک میں دوسری صنعتوں کی طرح شوگر انڈسٹری کو بھی فری کام کرنے دیا جائے اور مکمل ڈی ریگولیٹ کر کے فری مارکیٹ کی سہولت دی جائے۔ اس وقت چینی کی ایکس مل قیمتیں اْس کی پیداواری لاگت سے کم ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ رواں کرشنگ سیزن میں گنے کا ریٹ 400 سے 750 روپے فی من تک کسانوں کو دیا گیا ہے۔ اس سال گنے کی ریکوری کم ہوئی ہے اور چینی کے پیداواری اخراجات میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔  ترجمان نے کہا کہ گنا پاکستان کی واحد فصل ہے جس نے کسانوں کو معاشی طور پر بچایا ہے ورنہ باقی تمام فصلوں نے کاشتکاروں کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ شوگر سیکٹر کو مکمل ڈی ریگولیٹ کر کے اسے تباہ ہونے سے بچایا جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل