Friday, March 14, 2025
 

جعفر ایکسپریس حملے پر ٹوئٹ کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا ردعمل بھی آگیا

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے جعفر ایکسپریس حملے کے خلاف کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوا ٹوئٹ کا سہارا لے کر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایک اور اے پی ایس سانحہ ہونے سے روک دیا، ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردی کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس دہشت گردی کے خلاف کوشش ہونی چاہیے اور میں گزارش کروں گا کہ اس دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے پی ٹی آئی ہو۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ افسوس ہوا کہ وزرا نے ٹوئٹ کا سہارا لے کر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا، ہم نے یہ تجویز دی ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے اور اس کے خلاف سب متحد ہوں۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 24 گھنٹے ملک میں انارکی کی صورت حال تھی، اس کا ذمہ دار کون تھا، وفاقی وزیر دفاع؟ ہمارے کچھ تلخ سوالات ہیں جو ہم پبلک میں کر کے انارکی نہیں پھیلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پر ایک ان کیمرہ اجلاس بلانا چاہیے، جس میں ہم تمام سوالات رکھیں گے، ہمیں پاکستانی ہونے کا کسی سے سرٹفیکیٹ نہیں لینا، ہمارے اندر اخلاقی جرات ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو کہہ رہے ہیں کہ اگر کوئی مشکل پیدا ہو رہی ہے تو اس کی گہرائی میں جانا ہے، کسی بھی مسئلے کا حل مذاکرات ہیں، ہم نے اپوزیشن گرینڈ الائنس کی طرف سے ایک گرینڈ کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب لوگ ایک دوسرے کے دست و گریبان ہیں، جو لوگ اس دہشت گردی کی زد میں آئے ہم ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، اس معماملے کی پوری تحقیق ہونی چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل