Loading
ابھیشیک بچن کو ابتدا سے ہی اپنی اداکاری اور بگ بچن کا بیٹا ہونے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے یہاں تک کہ وہ مایوس ہوکر فلم انڈسٹری چھوڑ دینا چاہتے تھے۔ یہ اُن دنوں کی بات ہے جب مداح ابھیشک بچن سے اسی کارکردگی کی توقع رکھتے تھے جیسا وہ امیتابھ بچن کو کرتا دیکھتے آئے ہیں۔ فلم ناقدین نے بھی ابھیشک بچن کو بھی خوش دلی کے ساتھ فلم انڈسٹری میں خوش آمدید نہیں کہا تھا۔ پھر ابھیشک ابھی اداکاری کے رموز سیکھ ہی رہے تھے۔ ایک انٹرویو میں ابھیشک بچن نے بتایا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ تاہم والد امیتابھ بچن نے انھیں روکا اور مزید محنت کرنے کی ترغیب دی۔ ابھیشیک بچن پورے واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے یاد ہے، ایک رات والد کے پاس گیا اور اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے غلطی کی ہے، اور جو کچھ بھی کر رہا ہوں وہ بہترین کام نہیں ہے۔ اداکار نے مزید بتایا کہ میں نے والد امیتابھ بچن سے کہا کہ شاید یہ دنیا کا طریقہ ہے کہ جو مجھے بتا رہی ہے کہ یہ فیلڈ تمہارے لیے نہیں ہے۔ ابھیشیک نے کہا کہ میرے والد نے بات غور سے سننے کے بعد کہا کہ میں تمہیں والد نہیں بلکہ ایک اداکار کی حیثیت سے کہوں گا ابھی ابتدا ہے۔ تمہارے پاس بہت وقت ہے۔ ابھیشک کے بقول ان کے والد نے مزید کہا کہ تم ابھی مکمل اداکار نہیں ہو لیکن ہر فلم کے ساتھ اداکاری میں نکھا آ رہا ہے۔ بس لگن کے ساتھ کام کرتے رہو، تم کامیاب ہو جاؤ گے۔ اداکار ابھیشک نے بتایا کہ جب میں والد کے کمرے سے باہر نکلنے لگا تو انھوں نے اپنی جادوئی آواز میں کہا کہ میں نے تمہیں ہار ماننے والا نہیں بنایا اس لیے لڑتے رہو۔ ابھیشیک بچن نے کہا کہ والد کی ان باتوں نے میری کایا پلٹ دی۔ میں نے وقت کے ساتھ ساتھ وہ سبق سیکھے جن سے اپنے فن کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل