Loading
رمضان میں جاری گراں فروشی کا جن چاند رات کو بے قابو ہوگیا اور مرغی کا گوشت 800روپے فی کلو جبکہ گائے کے گوشت کی قیمت 1200، بچھیا کے گوشت کی قیمت 1700روپے اور بکرے کا گوشت 2800روپے فروخت کیا گیا۔ عید کے خصوصی پکوانوں کے لیے گوشت مرغی کی طلب میں نمایاں اضافہ کے باعث گراں فروشوں نے من مانی قیمت وصول کی۔ شہر میں لہسن ادرک 600سے 700روپے کلو فروخت کیا گیا، ٹماٹر نے ایک بار پھر سنچری عبور کرلی جبکہ ہرے مصالحہ جات بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کیے گئے۔ شہریوں کے مطابق عید پر گراں فروشوں کو کھلی چھٹی مل گئی جو کسر رمضان میں رہ گئی تھی وہ چاند رات کو پوری کرلی گئی۔ اتوار کو شہر کے تمام بڑے اور علاقائی بازاروں میں گاہکوں کا رش لگا رہا۔ شہریوں نے عید کے تین روز مہمانوں کی تواضع کرنے کے لیے خریداری کی۔ خالص دودھ فروخت کرنے والی دکانوں پر شہریوں کی رات گئے تک قطاریں لگی رہیں جبکہ دودھ اور دہی کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ہونے سے بیشتر دکانوں پر اسٹاک وقت سے پہلے ختم ہوگیا۔ شیر خورمے کے لوازمات کی خریداری کے لیے میوہ جات کی دکانوں پر بھی گاہکوں کا رش لگا رہا تاہم پستے، کاجو بادام کی بلند قیمتوں کی وجہ سے محدود مقدار میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل