Loading
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آج بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور عید الفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ سال UNGA اور D-8 سربراہی اجلاس کے دوران نیویارک اور قاہرہ میں اپنی گرمجوش اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اپریل میں پاکستان کے نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے دورہ ڈھاکہ کے حوالے سے پر امید ہے اور کہا کہ ایک تجارتی وفد بھی ان کے ہمراہ جائے گا۔ انہوں نے تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے بنگلہ دیش سے ایک ثقافتی وفد کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے کی تجویز دی جس میں پرانے اور نئے فنکار بالخصوص لیجنڈ اداکارہ رونا لیلیٰ بھی شامل ہوں۔ وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اپنی دعوت کا اعادہ کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل