Tuesday, April 29, 2025
 

اداکارہ صبا فیصل نے بھارتی اشتہار کی پیشکش ٹھکرا دی

 



پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دو ماہ پہلے بھارت سے ایک بڑے کمرشل کی آفر موصول ہوئی تھی تاہم انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔  نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ انہیں بھارت سے ایک اشتہار کے لیے آڈیشن دینے کی دعوت دی گئی تھی لیکن انہوں نے صاف انکار کردیا۔ صبا فیصل نے کہا کہ مجھے کہا گیا تھا کہ آپ کو آڈیشن دینا ہوگا جو وقت کی کمی کی وجہ سے میرے لیے ممکن نہیں تھا لہذا میں نے انکار کردیا، میرے کوارڈی نیٹر نے مجھ سے کہا کہ آپ نے اتنی بڑی آفر کو کیوں منع کیا ہے لیکن اُس وقت مجھے بس یہی ٹھیک لگا۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ اگر وہ مجھے فائنل بھی کرلیتے تب بھی شاید میں یہ اشتہار نہ کرتی اور اب موجودہ حالات میں تو بالکل بھی نہیں۔  ان کا کہنا تھا کہ مجھے بھارت کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں خاص طور پر موجودہ حالات میں ہمیں اپنے ملک کا تحفظ کرنا ہے، ہماری پہچان اور شناخت پاکستان ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہم اپنے تن من دھن کے ساتھ پاکستان کیلئے حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام خود کہہ رہے ہیں کہ پاکستان پر پہلگام کا الزام لگانا غلط ہے، سوشل میڈیا پر بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات اور الزامات دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ صبا فیصل نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اصول پسند رویے کی وجہ سے بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔  حال ہی میں ان کے بیٹے ارسلان فیصل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام "محمد حذیفہ ارسلان" رکھا گیا ہے۔ صبا فیصل نے یہ خوشخبری بھی سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں سے شیئر کی۔ صبا فیصل نہ صرف ایک بہترین اداکارہ بلکہ ایک محب وطن شخصیت بھی ہیں جو ہر موقع پر ملک کی عزت اور وقار کو مقدم رکھتی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل