Loading
سپریم کورٹ میں مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دینے کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔ سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے 12 جولائی 2024 کے فیصلے پر نظرثانی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں۔ جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 13 رکنی آئینی بینچ 6 مئی کو مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس صلاح الدین پہنور، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ 12 جولائی 2024 کو 8 ججوں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عرفان سعادت نے کثرت رائے سے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ دیا تھا۔ مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سنی اتحاد کونسل نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم فیصلے میں مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن، حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے نظر ثانی اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل