Saturday, June 07, 2025
 

کراچی: مختلف ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکے سمیت تین افراد جاں بحق

 



شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں نوعمر لڑکے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگھوپیر خیر آباد آمنہ مسجد کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 55 سالہ منیر اکبر کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے پیش آیا تھا ۔ ایس ایچ او منگھوپیر عمران خان نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث کار کی ٹکر سے پیش آیا تھا جبکہ کار بے قابو ہو کر الٹ بھی گئی تھی۔ حادثے میں راہگیر منیر زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ کار ڈرائیور خود بھی زخمی ہوا تھا جو موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم، پولیس نے کار کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ ماڑی پور روڈ اسلامی کانٹا کے قریب ٹریفک حادثے میں نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لائی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 16 سالہ فیروز کے نام سے کی گئی جبکہ حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔ تاہم، پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔ دریں اثنا نیو کراچی صبا سینما کے قریب بدھ کی شب رات 11 بجے کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے جس میں ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 60 سالہ ناصر کے نام سے کی گئی جبکہ 45 سالہ سجاد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل