Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹرینزم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے ہمارے عالمی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ ہر سال 30 جون کو منایا جانے والا یہ دن پارلیمانوں کے اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو وہ جامع طرز حکمرانی، خواتین اور نوجوانوں کی بامعنی نمائندگی اور قانون سازی میں تکنیکی جدت کے فروغ کے لیے ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ ہمارے جمہوری نظام کی اساس ہے، جو اپنے قانون سازی کے اختیارات اور متحرک قائمہ کمیٹیوں کے ذریعے احتساب، شفافیت اور ایگزیکٹو کی نگرانی کو یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین، آرٹیکلز 51 اور 59 کے تحت خواتین کو مخصوص نشستوں کے ذریعے ایوان میں نمائندگی کا حق دیتا ہے اور یہ نمائندگی صرف عددی نہیں بلکہ قائدانہ کردار میں بھی سامنے آئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت 8خواتین سینیٹرز اور 4خواتین قومی اسمبلی کی اراکین پارلیمانی کمیٹیوں کی چیئرپرسنز کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جو جامع اور بااختیار قیادت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پارلیمنٹ نے صنفی مساوات اور سماجی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر جدیدیت پر مبنی قانون سازی میں سرگرم کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی تیاری کے دوران حکومت نے اپنے اتحادی شراکت داروں سے فعال مشاورت کی، جو ایک صحت مند جمہوریت کی بنیاد ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستانی پارلیمان کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اراکین پارلیمنٹ بین الاقوامی پارلیمانی سفارت کاری میں فعال ہیں اور بین الپارلیمانی یونین (IPU) جیسے پلیٹ فارمز پر امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے پس منظر میں پاکستان کے کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد نے عالمی فورمز پر سفارتی رسائی کے ذریعے ملکی مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمانی شفافیت اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کو اپنایا گیا ہے تاکہ جدید طرز حکمرانی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوا جا سکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جمہوری اقدار، شہریوں کی آواز کی حقیقی نمائندگی اور پارلیمانی اداروں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان ہی وہ فورم ہے جو قوم کی اجتماعی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے اور آج کے دن ہمیں اپنے جمہوری وعدوں کی تجدید کرنی چاہیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل