Loading
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینا سپریم کورٹ کے شاندار ترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔ ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے شاندار ترین 2 فیصلوں میں سے ایک تھا۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو بہت سے فیصلے ہیں کہ ضیا الحق، یحییٰ خان اور مشرف کے جانے کے بعد جبر کے خلاف فیصلہ دیا، لیکن سپریم کورٹ کے 2ہی فیصلے ہیں جن میں جبر کے نظام کے دوران اس کے خلاف فیصلہ دیا گیا۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جبر کے نظام کے ہوتے ہوئے اُس کے خلاف فیصلہ صرف ایک جولائی 1988 میں آیا اور دوسرا فیصلہ 12 جولائی 2024 کو سپریم کورٹ کے 8 اکثریتی ججز نے دیا۔ جب وقت کا حاکم یا نظام یہ چاہتا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملیں اور پی ٹی آئی کا پارلیمان میں تشخص مانا ہی نہ جائے۔ اس کے خلاف 8 ججز صاحبان کھڑے ہوئے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا، جمہوریت اور ووٹ کے حق کا بول بالا کیا۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون اور آئین نہیں ہیں۔ ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کررہاہے۔ جس کا جیسے دل چاہتا ہے ویسے ملک کا نظام چلا رہے ہیں۔ ملک میں فی الوقت قانون کی کوئی حیثیت نہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل