Loading
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے اسپین روانہ ہو گئے ہیں۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یکم جولائی سے اسپین کے شہر سیؤل میں منعقدہ چار روزہ کانفرنس میں مختلف ملکوں سے رہنماؤں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔ کانفرنس میں ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں کے لیے پائیدار اور جدید مالیاتی حکمتِ عملیوں کی تیاری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو تیز کرنے کی کوششوں پر غور ہو گا۔ وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران کانفرنس کے مرکزی اجلاسوں اور مختلف اعلیٰ سطح سائیڈ ایونٹس میں شریک ہوں گے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب ایک اہم سیشن قرض کے بدلے ترقی ڈی سی ایس فنانسنگ اپروچ میں مہمانِ خصوصی ہوں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف اور ترقیاتی مالیات میں قرض کی تنظیمِ نو اور ڈپازٹ پروٹیکشن کے امکانات پر بات کریں گے۔ وزیر خزانہ کانفرنس کےدوران نجی کاروباروں اور فنانس تک رسائی و استعمال کے موضوع پر ملٹی اسٹیک ہولڈر گول میز مذاکرے کے شریک چئیر ہوں گےوزیر خزانہ انٹرنشینل بزنس فورم پالیسی ڈائیلاگ کے زیر اہتمام ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کریڈٹ ریٹنگز کے کردار پر پالیسی ڈائیلاگ سے کلیدی خطاب کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ انٹرنشینل بزنس فورم کے زیر اہتمام چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے مالی معاونت میں توسیع کے موضوع پر بھی خطاب کریں گے۔ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ ترقی کے لیےعالمی تعاون کی بحالی و تجدید کے موضوع پر منعقدہ ایک گول میز مذاکرے سے بھی خطاب کریں گے، اس کے علاوہ یونیسف کے زیر اہتمام بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے اور بچوں کے لیے جدید اور پائیدار فنانسنگ کے موضوع پر ایک مکالمہ میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ کانفرنس کے موقع پر کئی اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گےجن میں انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل جان ڈینٹن اور نیدرلینڈز کے نائب وزیر برائے ترقی اسٹیون کولٹ شامل ہیں ۔ وفاقی وزیر خزانہ کی اس کانفرنس میں شرکت پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک جدید مالیاتی حل، عالمی تعاون اور ترقیاتی موضوعات پر پاکستان کی مؤثر آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل