Tuesday, July 01, 2025
 

جیف بیزوس اور لورین سانچز کی شادی کی مہنگی ترین تقریب؛ پُرتعیش عروسی لباس

 



دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل جیف بیزوس اور لورین سانچز کی 3 روزہ شادی کی شاندار تقریب اٹلی کے تاریخی شہر وینس میں ہوئی جس میں عالمی شخصیات نے شرکت کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس شادی کو سال کی سب سے پُرشکوہ اور مکمل رازداری کے ساتھ انجام پانے والی شادی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاریخی جزیرے سان جیورجیو ماجیور پر منعقد ہونے والی تقریب میں 200 قریبی مہمان شریک تھے۔ اس شادی کو دنیا کی مہنگی ترین تقاریب میں شمار کیا جارہا ہے جس پر تقریباً 55 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 15 ارب پاکستانی روپے) خرچ ہوئے۔ شادی کی اختتامی تقریب آرسینالے میں منعقد ہوئی، جو قرون وسطیٰ کا بحری جہاز ساز مرکز رہا ہے اور آج کل وینس بینالے جیسے عالمی فنون لطیفہ کے میلے کی میزبانی کرتا ہے۔ جیف بیزوس اور لورین کو کشتی میں تقریب کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ رپورٹرز اور فوٹوگرافرز ان کے تعاقب میں تھے۔ لورین سانچز نے تقریب کے دوران ایٹلیئر ورساچی کا گلابی لباس زیب تن کیا، جبکہ جیف بیزوس نے سیاہ قمیص کے ساتھ سوٹ پہن رکھا تھا۔ تقریب سے قبل جوڑے کو مشہور ہیری بار میں داخل ہوتے دیکھا گیا، جہاں کبھی ارنَسٹ ہیمنگوے جیسے ادیب بھی آتے تھے۔ خفیہ تقریب، ستاروں سے سجی شرکت شادی کی اصل تقریب جمعہ کو سان جارجیو مَجوری جزیرے پر منعقد ہوئی، جہاں صرف 200 مہمانوں کو مدعو کیا گیا۔ مہمانوں میں کارداشیئن فیملی، بل گیٹس، اوپرا وِنفرے، کارلی کلاس، جیرڈ کُشنر، ایوانکا ٹرمپ، اور اُشر شامل تھے۔ تقریب گاہ کے اندر کی کسی قسم کی ویڈیو یا تصویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئی۔ دلہن کا عروسی لباس، سب کی توجہ کا مرکز رہا  فیشن میگزین ووگ کے مطابق لورین نے تقریب کے لیے ڈولچے اینڈ گبانا کا خصوصی تیار کردہ لباس پہنا، جس پر 180 ریشمی بٹن لگے تھے جس کی تیاری میں 900 گھنٹے لگے۔ رات کے کھانے کے لیے انھوں نے ایک اور لباس پہنا جس کا آئیڈیا 1946 کی فلم "گِلڈا" سے لی گیا۔ اسی طرح اختتامی تقریب کے لیے انھوں نے آسکر ڈی لا رینٹا کا کرسٹل زدہ لباس پہنا جس پر 1,75,000 کرسٹل لگے تھے۔ دولہا جیف بیزوس نے بھی ڈولچی اینڈ گبانا کا کلاسک بلیک ٹکسڈو پہنا اور اپنے مخصوص ایوی ایٹر چشمے لگائے، تقریب میں معروف اطالوی گلوکار ماتیو بوچیلی نے ایلوس پریسلے کا مشہور گانا Can’t Help Falling in Love لائیو گایا۔  شادی کی قانونی حیثیت وینس کے میئر کے دفتر نے واضح کیا کہ انہیں شادی کے حوالے سے کوئی سرکاری درخواست موصول نہیں ہوئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ تقریبات صرف علامتی نوعیت کی تھیں۔ قانونی شادی شاید پہلے ہی امریکا میں ہوچکی ہو۔ مہمانوں کی چمک دمک تقریبات کے دوران مہمانوں نے معروف ڈیزائنرز کے ملبوسات پہن رکھے تھے جیسے روبرٹو کاوالی، ورساچی، ڈولچے اینڈ گبانا، دیور، آسکر ڈی لا رینٹا وغیرہ۔ اوپرا وِنفرے نے گلابی مرمیڈ اسٹائل کا لباس پہنا، کم کارداشیئن نے چاکلیٹی ٹون والا لباس پہنا، جبکہ کائلی جینر نیلے رنگ کا لیس والا کارسیٹ گاؤن پہن کر آئیں۔ بعض مہمان، جیسے اُشر، رات کے اختتامی فنکشن میں نائٹ ویئر تھیم کے مطابق پاجامہ اور نائٹی اسٹائل کے ملبوسات میں آئے۔ احتجاج اور سیکیورٹی اگرچہ شادی پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے گئے اور وینس کے سیاحتی ادارے کے مطابق اس سے شہر کو سال بھر کی آمدنی کا 68 فیصد ایک ہی ہفتے میں حاصل ہوا، لیکن ماحولیاتی کارکنوں نے احتجاج بھی کیا۔ گرین پیس اور ایکسٹنکشن ریبیلین جیسی تنظیموں نے شادی کے خلاف بینرز لگائے اور مظاہرے کیے، جن میں ایک بینر پر لکھا تھا: "اگر آپ وینس کو شادی کے لیے کرائے پر لے سکتے ہیں، تو آپ مزید ٹیکس بھی دے سکتے ہیں۔" رومانوی لمحات اور رسمی تبدیلی شادی کے فوری بعد لورین سانچز نے اپنا انسٹاگرام نام بدل کر Lauren Sanchez Bezos رکھ لیا، جبکہ جیف بیزوس کو شادی کی انگوٹھی پہنے بھی دیکھا گیا۔ یہ شادی نہ صرف فیشن اور شہرت کی دنیا میں موضوعِ بحث بنی، بلکہ وینس کے ماحول، معیشت اور سیاست میں بھی نمایاں اثرات چھوڑ گئی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل