Loading
سوشل میڈیا ایپ پر خریدار بن کر قیمتی موبائل فونز اور موٹر سائیکل ہتھیانے والے بین الصوبائی گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا گیا۔ گجرپورہ پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز کی خرید و فروخت کے لیے سوشل میڈیا ایپ پر بطور خریدار مالک سے رابطہ کرتے تھے اور چیک کرنے کے بہانے موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فونز سمیت رفو چکر ہو جاتے تھے۔ ایس ایچ او محمد زکاء اور پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملزم کو گرفتار کیا۔ گروہ کے سرغنہ علی شہباز کو سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ گروہ کا سرغنہ اور ریکارڈ یافتہ ملزم علی شہباز جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا۔ ملزم علی شہباز نے لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد میں خریدار بن کر وارداتیں کرنے کا انکشاف کیا۔ ملزم پیٹرول پمپ پر گاڑی میں پیٹرول ڈلواتا اور رقم بذریعہ فیک جاز کیش میسج دکھا کر ادا کرتا۔ پیٹرول پمپ اسٹاف کے مزید دریافت پر گاڑی سمیت بھاگ جاتا۔ ایس پی سول لائن کے مطابق ملزمان گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کرکے وارداتیں کرتے تھے۔ ایس ایچ او گجرپورہ محمد ذکاء نے بتایا کہ ملزم کے قبضہ سے پستول و گولیاں، جعلی نمبر پلیٹ والی لگژری گاڑی اور 4 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔ ایس پی سول لائن چودھری اثر علی کا کہنا تھا کہ ملزم علی شہباز کے دوسرے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے گجر پورہ پولیس ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل