Loading
امریکی ریاست ٹیکساس شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب کی لپیٹ میں آگئی، جس نے نظامِ زندگی کو مکمل طور پر مفلوج کردیا ہے۔ چند ہی گھنٹوں میں کئی علاقوں میں مہینوں کی بارش برس گئی، جس کے نتیجے میں اچانک آنے والے سیلاب نے گلیوں اور شاہراہوں کو دریا میں تبدیل کردیا۔ حکام کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 24 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ ٹیکساس کے شہر سان اینجلو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کئی مقامات پر 6 سے 8 انچ تک جبکہ بعض علاقوں میں 10 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ ریاستی حکام نے سیلاب زدہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تیز کر دیے ہیں، جن میں 100 فوجی اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں تاکہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جا سکے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل بارشوں اور شدید موسم کے باعث مزید سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل