Saturday, July 05, 2025
 

ترک صدر کی مخالف جماعتوں کیخلاف کریک ڈاؤن آپریشن؛ مزید 3 میئرز گرفتار

 



ترکیہ میں اپوزیشن جماعتوں کے خلاف کریک ڈاؤں آپریشن کے دوران جنوبی شہروں آدیامان، ادانا اور انطالیہ کے میئر کو حراست میں لے لیا گیا۔ ترک خبر رساں ادارے "انادولو ایجنسی" کے مطابق ان گرفتاریوں کا مقصد مبینہ بدعنوانی اور منظم جرائم کی تحقیقات ہے، تاہم ناقدین اسے اپوزیشن کو دبانے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں آدیامان کے میئر عبد الرحمن توتدیر اور ادانا کے میئر زیدان کارالار کا تعلق مرکزی اپوزیشن جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی سے ہے۔ تینوں میئرز کو متعلقہ شہروں کے پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے حراست میں لیا گیا اور اب مبینہ طور پر استنبول منتقل کیا جا رہا ہے۔ استنبول کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 10 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر منظم جرائم، رشوت خوری اور ٹھیکوں میں گڑبڑ کے الزامات ہیں۔ خیال رہے کہ یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب مارچ میں استنبول کے میئر اور اردوان کے ممکنہ سیاسی حریف، اکرم امام اوغلو کو بھی کرپشن کے الزامات میں جیل بھیجا جا چکا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں شدید مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں اپوزیشن کو کمزور کرنے کی منظم کوشش کا حصہ ہیں، تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ عدلیہ اور پراسیکیوٹرز آزادانہ کام کر رہے ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل