Loading
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ناقص رہائشی انتظامات اور معاہدوں کی خلاف ورزیوں پر چار عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل کر دیئے جب کہ متعدد پر مالی جرمانے عائد کیے گئے۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ایک غیر اعلانیہ فیلڈ انسپکشن کیا گیا تھا۔ جس کا مقصد عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی اور معاہدے کے مطابق سہولیات کی فراہمی کو جانچنا تھا۔ وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے بتایا کہ انسپکشن کے دوران بعض عمرہ کمپنیوں کے زائرین کو منساسب رہائشی سہولیات فراہم نہ کرنے اور سروسز کی عدم دستیابی کی شکایتیں ملیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معتمرین کی راحت، سلامتی اور عزت و وقار ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس لیے کچھ کمپنیوں کے لائسنس معطل کیے گئے اور متعدد پر جرمانے عائد کیئے گئے ہیں۔ وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ کمپنیوں پر عائد کیے گئے جرمانے ہر اصولوں اور وعدوں کی خلاف ورزی کی شدت اور تکرار کی بنیاد پر مختلف مختلف ہیں۔ وزارت نے تمام منظور شدہ اور رجسٹرڈ عمرہ کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مقررہ ضوابط، معیار اور وقت کی پابندی کریں اور زائرین کے سفر کے ہر مرحلے میں اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل