Saturday, July 05, 2025
 

انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 90 لاکھ روپے سے زائد کی منشیات پکڑی گئی

 



ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری  ہے، اس دوران 90 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس  فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت مختلف شہروں میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے خاتون سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا  اور مجموعی طور پر 90 لاکھ 17 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 55.678 کلوگرام منشیات برآمد کر لی۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور موٹروے پر 4مختلف کارروائیوں کے دوران مختلف اقسام کی منشیات برآمد کی گئیں۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات فروشی کی سرگرمیوں کو ہدف بناتے ہوئے اسلام آباد کے جاپان روڈ پر واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کی گئی، جہاں ایک ملزم کے قبضے سے 45 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔ دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ کے قریب خاتون سمیت 2ملزمان سے 850 گرام آئس اور 2.4 کلو مشکوک پاؤڈر برآمد کیا گیا۔ کراچی کے ناردرن بائی پاس روڈ پر ایک گاڑی سے 25.2 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جب کہ تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کیا گیا۔ لاہور کے ملتان روڈ پر منصورہ کے قریب کارروائی میں اے این ایف نے ایک رکشے سے 19.2 کلوگرام افیون، 2 کلوگرام ہیروئن اور 6 کلوگرام چرس برآمد کی جب کہ ایک ملزم کو موقع پر دھر لیا گیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں نشے کی لت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ملک گیر سطح پر مربوط کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل