Loading
چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کراچی کی حیثیت ہے، قائد اعظم ٹرافی میں کراچی ٹیم کو شامل کیا جائے گا۔ چیئرمین پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن فواد اعجاز خان نے چیئرمین پی سی بی کے ساتھ ملاقات میں قائد اعظم ٹرافی میں کراچی کی ٹیموں کی نمائندگی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اکیس مرتبہ فرسٹ کلاس ایونٹ جیتنے والی ٹیم کو ایونٹ سے کیسے باہر کیا جاسکتا ہے جس پر پی سی بی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں یہ معاملہ ہے اور اس کا کوئی خاطرخواہ حل نکالا جائے گا۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں کراچی کی حیثیت ہے، قائد اعظم ٹرافی میں کراچی ٹیم کو شامل کیا جائے گا۔ ملاقات میں فواد اعجاز خان نے محسن نقوی کو بین الاقوامی ویٹرنز ٹورنامنٹ کی تفصیلات بھی پیش کیں۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 14 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، سری لنکا اور انگلینڈ جیسے بڑے کرکٹ کھیلنے والے ممالک شامل ہوں گے۔ فواد اعجاز خان نے پی سی چیف کو آگاہ کیا کہ ابتدائی طور پر ہماری درخواست پر پی سی بی کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم صرف چار دنوں کے لیے فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔ تاہم، پی وی سی اے کی خواہش تھی کہ پورے ٹورنامنٹ کا انعقاد اسی تاریخی میدان میں ہو تاکہ بین الاقوامی معیار کے اس ایونٹ کو شایان شان اور محفوظ انداز میں منعقد کیا جا سکے۔ چیئرمین محسن نقوی نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے 10 دنوں کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے مکمل استعمال کی منظوری دے دی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے 56میں سے 19میچز ہوں گے، بقیہ میچز معین خان اکیڈمی، ساوتھ اینڈ کلب، نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس اور کراچی جمخانہ پر کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شاہد خان آفریدی، مصباح الحق، یونس خان، محمد حفیظ، شعیب ملک، کامران اکمل اور عبدالرزاق جیسے سابق اسٹار کرکٹرزکی شرکت متوقع ہے۔ عالمی ایونٹ یکم دسمبر سے 13 دسمبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل