Monday, July 07, 2025
 

ٹیکساس میں بے رحم سیلاب سمر کیمپ کی 27 طالبات بھی بہا لے گیا؛ مجموعی ہلاکتیں 85 ہوگئیں

 



ٹیکساس میں آنے والے ہلاکت خیز سیلاب میں ایک ایسا المناک سانحہ بھی رونما ہوا جس نے میں سمر کیمپ کی 27 بچیاں اور منتظمین بھی بہہ گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس کے معروف گرلز سمر کیمپ کیمپ مِسٹک نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ شدید طوفانی بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 27 طالبات اور کیمپ کے منتظمین جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کیمپ کی بچیاں سیلاب کے دوران دریا پر پُل عبور کرتے ہوئے Amazing Grace اور Pass It On کے نغمے گاتی نظر آئیں۔ یہ کیمپ گواڈیلوپ دریا کے کنارے واقع تھا جہاں جمعہ کی صبح قبل از وقت آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی۔ یاد رہے کہ کیمپ مِسٹک ایک غیرمسلکی عیسائی ادارہ ہے جو تقریباً ایک صدی سے ریاست کے سیاسی اشرافیہ کی بیٹیوں کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ سابق خاتونِ اول لورا بش بھی یہاں کی منتظم رہ چکی ہیں جبکہ سابق صدر لنڈن بی جانسن اور گورنر جان کونالی کی بیٹیاں بھی اس کیمپ کی شرکاء رہی ہیں۔ ٹیکساس کی ریاستی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 85 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ بیان میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ مزید بارشوں کے باعث سیلاب سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ شہری بہت احتیاط کریں اور بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ خیال رہے کہ گواڈیلوپ دریا کا پانی صرف 45 منٹ میں 26 فٹ (8 میٹر) بلند ہوا اور سب کچھ بہا لے گیا۔ کیر کاؤنٹی کے شیرف لاری لیتھا کے مطابق صرف ہل کنٹری کے علاقے سے اب تک 68 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں جب کہ دیگر 10 اموات ٹریوس، برنیٹ، کندال، ٹام گرین اور ویلیمسن کاؤنٹیز سے رپورٹ ہوئیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل