Monday, July 14, 2025
 

اسٹاک ایکسچینج کی بحالی، استحکام وخوشحالی کی نئی صبح کاآغاز

 



پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ان دنوں زبردست بحالی دیکھنے کو مل رہی ہے، جہاں کے ایس ای100 انڈیکس نے 134,000 کی تاریخی سطح عبور کر لی ہے، یہ وہی ملک ہے جس کے بارے میں کچھ عرصہ قبل دیوالیہ پن، مہنگائی اور کرنسی بحران کی پیشگوئیاں ہو رہی تھیں، آج امید، یقین اور معاشی استحکام کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ گزشتہ دہائی میں چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے منصوبے محض خواب لگتے تھے لیکن ان کے ثمرات اب نظر آنا شروع ہو چکے ہیں، سیاسی اتار چڑھاؤ، داخلی کشمکش اور خارجی تنازعات کے باوجود پاکستان اب مضبوط علاقائی اور عالمی تعلقات قائم کر رہا ہے۔ ایران، افغانستان، سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان اور ازبکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ ساتھ چین کے ساتھ دفاعی و اقتصادی تعلقات میں بھی گہرائی آئی ہے۔ دوسری جانب حکومت کی معاشی حکمت عملی نے مثبت اثرات ڈالے ہیں، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد تک آ چکی ہے،کرنسی مستحکم ہو چکی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی کئی سال کی بلند ترین سطح پر ہیں۔  پاکستان جلد ہی Panda Bonds کے ذریعے عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی تیاری کر رہا ہے، جبکہ بانڈز کی قیمتوں میں اضافہ خطرے میں کمی کا عکاس ہے۔ نئے صنعتی مراعات، برآمدات میں اضافے، معدنیات، آئی ٹی، سیاحت اور زراعت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع نے پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلیے پرکشش بنا دیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ اپنے منتخب کردہ اسٹاکس پر مکمل تحقیق کریں،کمپنی کی مالیاتی رپورٹس کا جائزہ لیں اور انتظامیہ کے انداز کو پرکھیں۔کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور شرح تبادلہ میں استحکام کی بدولت اگلے دو سے تین سال میں معقول منافع کی توقع کی جا رہی ہے۔ کے ایس ای100 کی قیمت آمدنی تناسب (P/E) دوبارہ 2 عددی سطح پر پہنچ سکتی ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل