Loading
تیلگو فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار اور سیاستدان کوٹا سرینواسا راؤ طویل علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کا انتقال اتوار کی صبح حیدرآباد کے فلم نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ مرحوم اداکار اپنے پیچھے اہلیہ اور دو بیٹیاں چھوڑ گئے ہیں۔ کوٹا سرینواسا راؤ گزشتہ کئی دنوں سے عمر رسیدگی سے جڑی بیماریوں کا سامنا کر رہے تھے۔ کچھ روز قبل پروڈیوسر بندلا گنیش کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی ایک حالیہ تصویر شیئر کی گئی تھی، جس نے مداحوں کو شدید افسردہ کر دیا تھا۔ کوٹا سرینواسا راؤ کا فلمی کیریئر چار دہائیوں پر محیط رہا، جس دوران انہوں نے 750 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔ انہوں نے تیلگو کے ساتھ ساتھ تمل، ملیالم اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدما شری اور نندی ایوارڈز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ 2015 میں انہیں بھارتی سنیما کے لیے خدمات کے صلے میں پدما شری ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ کوٹا سرینواسا راؤ سیاست میں بھی سرگرم رہے، اور 1999 سے 2004 تک بی جے پی کے ایم ایل اے کے طور پر وجئے واڑا ایسٹ اسمبلی حلقے کی نمائندگی کی۔ کوٹا سرینواسا راؤ کے انتقال پر آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے اہم فلمی اور سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فن اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل