Monday, July 14, 2025
 

عمران خان سے ملنے کے لیے آنے والے بچوں کی گرفتاری کی بات شرمناک اور کم ظرفی ہے، علی امین

 



وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیاسی انتقام سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، والد سے ملنے آنے والے بچوں کی گرفتاری کی بات شرمناک اور کم ظرفی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہجو بچے صرف والد سے ملنے آ رہے ہیں، ان پر گرفتاری کی بات شرمناک ہے، عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے، ان کی گرفتاری کی بات کرنا انتہائی کم ظرفی ہے، سیاسی انتقام سے دنیا میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر مجھے یقین ہو کہ کوئی مجھے گولی مارنے آ رہا ہے تو میں بھی جواب دوں گا، یہ میرا ذاتی مؤقف ہے، ہمارے مذہب اور آئین میں مکمل سیلف ڈیفنس کی اجازت موجود ہے، خاموش رہنا اور جواب نہ دینا خودکشی کے مترادف ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پارٹی میں گروپ بندی نہیں ہونی چاہیے، سب کو متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہیے، میں نے ہمیشہ پارٹی میں اتحاد اور قوم کو یکجا رکھنے کی بات کی ہے، اگر خیبرپختونخوا حکومت گری تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ سے متعلق تمام فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے، خیبرپختونخوا حکومت کی بنیادی ترجیح قانون کی بالادستی ہے، اداروں کے درمیان اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے، پارٹی کی قیادت کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ علی امین نے کہا کہ سیاسی جبر کی صورت میں جلد لائحہ عمل پیش کیا جائے گا، احتجاج کے حق پر قدغن افسوسناک ہے، گرفتاریوں کا سلسلہ ناقابل قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو سمیت تمام شعبوں میں خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے، اپنے دفاع کی بات کرتا ہوں تو اُسے دھمکی کہا جاتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل