Monday, August 04, 2025
 

بھارتی فلائٹ میں مسلمان مسافر کے ساتھ بدسلوکی: متاثرہ شخص کے ساتھ مزید کیا ہوا؟

 



بھارت میں جہاز کی پرواز کے دوران مسلمان مسافر پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متاثرہ شخص غائب ہوگیا تھا، جس کی مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ وائرل ویڈیو کے مطابق ممبئی سے کولکتہ جانے والی پرواز میں ایک مسافر کو پینک اٹیک (شدید گھبراہٹ) ہوا تھا، اس دوران اسے دوسرے مسافر نے تھپڑ مارا۔ اس واقعے کے بعد وہ شخص لاپتہ ہوگیا تھا، جسے اب ریاست آسام کے ضلع برپیٹا کے ریلوے اسٹیشن سے بازیاب کرلیا گیا ہے۔ تشدد کے شکار 32 سالہ حسین احمد مجمدار کا تعلق آسام کے ضلع کاچر سے ہے، جس کا صدر مقام سلچر ہے۔ وہ جمعرات کو ممبئی سے کولکتہ کےلیے انڈیگو کی پرواز 6E-138 پر سوار ہوا اور اگلے دن وہاں سے سلچر کےلیے مزید سفر کرنا تھا۔ یہ خبر بھی پڑھیے: ایئر انڈیا کی فلائٹ میں مسلمان مسافر کے ساتھ بدسلوکی: تشدد کی ویڈیو وائرل پرواز کے دوران حسین کو اچانک پینک اٹیک ہوا، جس پر ایئر ہوسٹس نے ان کی مدد کرنا شروع کی۔ جب وہ جہاز کے اندر راہداری سے گزر رہے تھے تو ایک دوسرے مسافر نے اسے تھپڑ مار دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دوسرے مسافر کو حسین احمد پر ہاتھ اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے، اور جب تشدد کرنے والے سے پوچھا گیا تو اس نے کہا کہ حسین ’’اس کے لیے مسئلہ بن رہا تھا۔‘‘ کولکتہ پہنچنے پر تشدد کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کیا گیا، تاہم بعد میں اسے رہا کردیا گیا۔ دوسری جانب، حسین احمد بھی ایئرپورٹ سے نکل گیا اور کسی کو اطلاع دیے بغیر غائب ہوگیا۔ ممبئی کے ایک ہوٹل میں ملازمت کرنے والا حسین اس روٹ پر پہلے بھی سفر کرچکا ہے۔ حسین کے اہلِ خانہ اس واقعے سے لاعلم تھے، اور جمعے کو اسے لینے سلچر ایئرپورٹ پہنچے، مگر وہ وہاں نہ پہنچا۔ ویڈیو دیکھنے کے بعد اہل خانہ نے حسین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن اس کا فون بھی بند ملا۔ حسین کے والد عبدالمنان مجمدار کے مطابق ان کے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کروائی گئی۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ جمعے کو کولکتہ سے سلچر کی پرواز پر سوار نہیں ہوا اور نہ ہی ہفتے کو ایئرپورٹ سے کسی دوسری پرواز پر روانہ ہوا۔ بعد ازاں پولیس کو اطلاع ملی کہ حسین آسام کے برپیٹا ریلوے اسٹیشن پر موجود ہے، جہاں سے اسے بازیاب کیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق حسین جسمانی طور پر کمزور اور طبیعت میں ناساز لگ رہا تھا، اور اب اسے گھر واپس لایا جارہا ہے۔ دوسری جانب انڈیگو ایئرلائن نے واقعے پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے تھپڑ مارنے والے مسافر پر اپنی تمام پروازوں میں سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل