Loading
بھارت کے دارالحکومت دہلی کے انتہائی سیکیورٹی والے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کانگریس کی خاتون رکن اسمبلی سدھا رام کرشنن سے مارننگ واک کے دوران اسکوٹی سوار ایک شخص نے سونے کی چین چھین لی۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح تقریباً 6 بجے کے بعد اُس وقت پیش آیا جب سدھا رام کرشنن پولینڈ ایمبیسی کے قریب واک کر رہی تھیں۔ ایک ہیلمٹ پہنے اسکوٹی سوار آہستہ آہستہ ان کے قریب آیا، اور جیسے ہی موقع ملا، ان کے گلے سے سونے کی چین زور سے کھینچ لی، جس کے نتیجے میں ان کی گردن پر چوٹ بھی آئی۔ رکن اسمبلی نے فوری طور پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر واقعے کی شکایت درج کرائی اور اسے خواتین کی سیکیورٹی کے حوالے سے خطرناک پیغام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر دہلی کے ہائی سیکیورٹی زون میں بھی خواتین محفوظ نہیں ہیں، تو ملک کے باقی علاقوں کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔" مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل