Thursday, August 07, 2025
 

اولمپکس 2028 میں کرکٹ؛ پاکستان کی شمولیت کے لیے کوششیں تیز

 



پاکستان نے لاس اینجلس 2028 میں ہونے والے اولمپک گیمز میں کرکٹ کی تاریخی واپسی میں جگہ حاصل کرنے کے لیے مضبوط لابنگ کی کوششیں تیز کر دیں۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے باہر ہونے کا امکان ہے۔ منتظمین سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ علاقائی کوالیفکیشن کے فارمیٹ پر عمل کریں گے، جو کہ اولمپکس کے مختلف کھیلوں میں ایک عام طریقہ کار ہے۔ موجودہ بات چیت کے مطابق، بھارت (ایشیا) اور آسٹریلیا (اوشینیا) اپنے متعلقہ علاقائی رینکنگ کی بنیاد پر براہِ راست کوالیفائی کریں گے۔ دیگر ممکنہ کوالیفائرز میں برطانیہ (یورپ)، جنوبی افریقا (افریقہ) اور میزبان ملک امریکا شامل ہیں۔ چھٹی اور آخری جگہ ابھی تک غیر یقینی ہے، اور قیاس آرائیاں ہیں کہ یہ کیریبیئن کے کسی ملک یا کسی اور ایشیائی ٹیم کو دی جا سکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق موجودہ کوالیفکیشن فریم ورک کے تحت پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کوالیفائی نہ کر سکنے کا خطرہ ہے۔ تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہار ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ’’اولمپکس ایک باوقار ایونٹ ہے اور جب کرکٹ اس میں شامل ہو رہی ہے تو ہم اس موقع سے محروم نہیں رہ سکتے۔‘‘ ذرائع نے مزید کہا کہ ’’آئی سی سی اور ایل اے گیمز کمیٹی کو ایک خط بھیجا جائے گا جس میں ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ کوالیفکیشن کی آخری تاریخ کا اعلان کریں، جو کہ مثالی طور پر گیمز سے ایک سال پہلے ہونی چاہیے۔‘‘ پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے پی سی بی سے معاملے پر پہل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اولمپکس ایک باوقار گیم ہے اور ایک تمغہ داؤ پر لگا ہوا ہے۔‘‘ راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ وہ آئی سی سی اور ایل اے کمیٹی دونوں کے ساتھ رابطہ کرے، اور تجویز دے کہ اگلے سال مارچ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی رینکنگ کو کوالیفکیشن کے معیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔‘‘ واضح رہے کہ 1990 کے بعد دوسری مرتبہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا گیا ہے، ایل اے 2028 نے مرد و خواتین کرکٹ کے میچز 20 سے 29 جولائی کے درمیان شیڈول کیے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل