Thursday, August 07, 2025
 

کراچی؛ گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہو گئی، چھتیں منہدم، 7 افراد زخمی

 



گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ بے قابو ہو گئی  جب کھ چھتیں اور دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں  گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور آگ متاثرہ فیکٹری سے متصل سیمنٹ فیکٹری کی چھت تک پھیل چکی ہے۔ آگ کے بے قابو ہونے سے 5 منزلہ فیکٹری کی عمارت کی کچھ چھتیں بھی بیچ سے منہدم ہو گئیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران فیکٹری کی ایک ملازمہ کو سانس کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔ دریں اثنا آگ بجھانے کی کوششیں بار آور ثابت نہیں ہو رہیں اور دھویں کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران متاثرہ فیکٹری سے زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی۔ علاوہ ازیں فیکٹری کی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون چوکی نمبر 5 کے قریب متاثرہ فیکٹری کی عمارت کا حصہ گرنے سے 7 افراد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اے ڈی خواجہ آگ سے متاثرہ فیکٹری پر پہنچے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ساڑھے 10 بجے کے قریب ملی ۔ ابتدا میں ہمارے ای پی زیڈ کے فائر ٹینڈرز پہنچے تھے، تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر کراچی اور ریسکیو 1122 کے سربراہ سے بات ہوئی ہے ۔ کوشش کررہے ہیں کہ جلد آگ پر قابو پائیں اور ساتھ والی فیکٹری کو جلنے سے بچائیں ۔ متاثرہ فیکٹری میں پرانے کپڑے کی ری سائیکلنگ کا کام ہوتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل