Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا کردہ مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر قومی پالیسی مرتب کی جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے حوالے سے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ترقی اور ان کو اپنی معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارے ملک کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات لیے جا رہے ہیں، خواتین ہماری افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ ہیں، خواتین کو ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور ان کے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، اس حوالے سے قومی سطح کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے مؤثر پالیسی اور حکمت عملی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو اس حوالے مختلف گزارشات پیش کی گئیں۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبوں کے تعاون سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ایک قومی سطح کی پالیسی کی ضرورت ہے، معاشی ترقی کے تناظر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے عوام میں قومی سطح پر آگاہی مہم چلانا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل