Loading
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹر حیدر علی کی عارضی طور پر معطلی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوری طور پر نافذ العمل فیصلہ مانچسٹر پولیس کی جانب سے قومی کرکٹر کے خلاف جاری تحقیقات کے نتائج آنے تک رہے گا۔ پی سی بی کے مطابق مانچسٹر پولیس نے حیدر علی کے خلاف جاری مجرمانہ تحقیقات کے حوالے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔ مانچسٹر پولیس پاکستان شا ہینز کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے تحقیقات کررہی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے تمام کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور قانونی حقوق کو یقینی بنانے کے اپنے فرض اور ذمہ داری کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ حیدر علی کو اس عمل کے دوران ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی مدد حاصل ہو۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ وہ برطانیہ کے قانونی طریقہ کار کا مکمل احترام کرتا ہے اور تحقیقات کو اپنے مقررہ وقت پر چلنے کی اجازت دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل اور تمام حقائق درست طریقے سے قائم ہو جانے پر پی سی بی اپنے ضابطہ اخلاق کے تحت اگر ضروری ہو تو مناسب کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ جب تک حیدر علی کے خلاف قانونی عمل اپنے نتیجے پر نہیں پہنچ جاتا، پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل