Friday, August 08, 2025
 

ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے شایانِ شان انعقاد کا فیصلہ

 



وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد شایانِ شان طریقے  سے کیا جائے گا۔ بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ OIC نے رواں ہجری سال کو آپ ﷺ کے 1500 ویں سال ولادت کی مناسبت سے ’’نبی الرحمہ‘‘ کے عنوان سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اسی مناسبت سے ملک بھر میں صوبائی اور نجی سطح پر ’’عشرہ رحمت للعالمین‘‘ کے تحت تقریبات اور محافل سیرت  و نعت منعقد کرنے کا پروگرام جاری کیا گیا  ہے، وزارت مذہبی امور 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ  کانفرنس کے انعقاد کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ امسال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال  کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں‘‘ رکھا گیا ہے، نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت  نبوی ﷺ سے آگاہی کے لیے کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ موضوع پر مقالات جات تحریر کرنے والوں اور کتب سیرت و نعت کے مصنفین کو انعامات سے نوازا جائے گا، موضوع پر بہترین اور منتخب مقالہ جات کو کتابی شکل دے کر  پالیسی سازوں اور نئی نسل کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور سیرت نگاروں کی بہترین انداز میں حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، ماہ ربیع الاول میں سیرت کانفرنس کے موقع پر اہم ملکی و غیر ملکی مذہبی شخصیات اور سکالرز شرکت کریں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل