Loading
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کارروائیوں کے دوران 87کلوگرام سے زائد منشیات تحویل میں لے لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مذکورہ تسلسل میں کراچی میں تین مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران سپرہائی وے کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 36کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، سہراب گوٹھ میں کارروائی کےدوران 3کلو 600گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سہراب گوٹھ میں واقع کوریئرآفس میں اسلام آباد سے آنے والے پارسل سے 10گرام وزنی 14عدد ایکسٹیشی گولیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دیگر کارروائیوں کے دوران ترکئی ٹول پلازہ کے قریب مسافر خاتون کے قبضے سے 382 گرام، چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں کینیڈا بھیجے جانے والے پارسل سےکارپٹ میں جذب 11 کلو افیون، سواں گارڈن اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 4.400 کلو منشیات اور 3.300 کلو آئس تحویل میں لی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 19.200 کلو منشیات برآمد کی گئی، اسی طرح سیالکوٹ میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 10 گرام ویڈ برآمد کی گئی اور گلگت میں ہوٹل کے قریب گاڑی سے 9.600کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ کارروائیوں میں ایک خاتون سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 87.502 کلوگرام منشیات قبضے میں لی گئی ہیں، جس کی مالیت 64 لاکھ روپے سے زائد ہے اور گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل