Loading
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب خود کش حملے میں سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزمہ کی درخواست ضمانت سے متعلق استغاثہ سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرلیے۔ درخواست ضمانت کی سماعت کے موقع پر وکیل شوکت حیات ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گل نسا پر تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ ملزمہ کا کوئی تعلق خود کش حملہ آور یا دیگر ملزمان سے ثابت نہیں ہوا۔ ایف آئی آر میں نام یا حلیہ بھی واضح نہیں کیا گیا۔ ملزمہ کی شناختی پریڈ نہیں کرائی گئی اور نہ ہی اقبالی بیان کرایا گیا۔ وکیل کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج بالکل واضح نہیں جس سے شناخت کی جاسکے۔ خود کش حملہ آور سے کوئی تعلق ثابت نہیں کیا گیا اور نہ ہی بی ایل اے سے کوئی تعلق ہے۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ چائنیز کے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے کی اطلاع کس نے لیک کی، جس کی وجہ سے خود کش حملہ آور وہاں پہنچا۔ دورانِ سماعت استغاثہ نے الزام لگایا کہ ملزمہ گل نسا نے 6 اکتوبر 2024ء کے خود کش حملے میں سہولت کاری کی تھی۔ عدالت نے استغاثہ کے وکلا سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل