Loading
شہر کے دو مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈکیت ہلاک اور تین زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح بلوچ کالونی تھانے کے علاقے شہید ملت روڈ کشمیر پلازہ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جبکہ 2 ڈکیتوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کو فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بلوچ کالونی پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم کی شناخت سکندر ولد عمر اور زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کی شناخت عرفان ولد شاہنواز علی اور راشد علی ولد محمد علی کے ناموں سے کی گئی۔ ہلاک و زخمی حالت میں گرفتار ڈکیتوں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، زیر استعمال موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ بلوچ کالونی پولیس کے مطابق پولیس نے ڈکیتوں کو مشکوک جان کر انہیں روکنے کا اشارہ کیا تو ڈکیت رکے نہیں اور پولیس پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، ہلاک اور زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ ادھر، ابراہیم حیدری پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی شناخت اسامہ عرف شیرو کے نام سے کی گئی۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول مع ایمونیشن، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔ ابراہیم حیدری، پولیس کی جانب سے ضابطے کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل